Saturday, May 10, 2014

نہ ہارا ہے عشق اور نہ دنیا تھکی ہے: خمار بارہ بنکوی



نہ ہارا ہے عشق اور نہ دنیا تھکی ہے
دیا جل رہا ہے ہوا چل رہی ہے 

سکوں ہی سکوں ہے، خوشی ہی خوشی ہے 
ترا غم سلامت، مجھے کیا کمی ہے 

وہ موجود ہیں اور ان کی کمی ہے 
محبت بھی تنہائیٔ دائمی ہے 


کھٹک گدگدی کا مزا دے رہی ہے 
جسے عشق کہتے ہیں شاید یہی ہے 

چراغوں کے بدلے مکاں جل رہے ہیں 
نیا ہے زمانہ، نئی روشنی ہے 

جفاؤں پہ گھُٹ گھُٹ کے چُپ رہنے والو 
خموشی جفاؤں کی تائید بھی ہے 

مرے راہبر! مجھ کو گمراہ کر دے 
سنا ہے کہ منزل قریب آ گئی ہے 

خمارِ بلا نوش! تُو اور توبہ!
تجھے زاہدوں کی نظر لگ گئی ہے​ 

خمار بارہ بنکوی